بنگلہ دیش کا ایک لاکھ روہنگیا مہاجرین کوآئندہ ماہ چھوٹے جزیرہ پر منتقل کرنے کا اعلان

منگل 18 ستمبر 2018 17:01

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) بنگلہ دیشی حکام نے کہا ہے کہ ایک لاکھ روہنگیا مہاجرین کو خراب موسمی صورتحال کے انتباہ کے باوجود آئندہ ماہ ساحل سے دورچھوٹے جزیرہ بھشن چھر منتقل کردیا جائے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد 3 اکتوبر کو بے گھر روہنگیا مسلمانوں کے لئے بھشن چھر پر نئی قائم کی گئی پناہ گاہوں کا باضابطہ افتتاح کریں گی، یہ مٹی کا چھوٹا جزیرہ 2016ء میں خلیج بنگال سے میں پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حکام نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ وہ مون سون سے قبل جون میں میانمار کے سرحد کے قریب پر ہجوم کیمپوں سے روہنگیا مہاجرین کو جزیرے پر منتقل کرنا چاہتی تھیں۔ ڈیزاسسٹر منیجمنٹ کے سینئر اہلکار حبیب الکبیر چوہدری نے کہا کہ بحری فوج نے ایک لاکھ مہاجرین کی منتقلی کے لئے محفوظ مراکز اور پناہ گاہیں تعمیر کی ہیں اور اس پراجیکٹ کا تین چوتھائی مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی منتقلی کے پہلے مرحلے میں ابتدائی طور پر 50 سے 60 روہنگیا خاندانوں کو جزیرے پر منتقل کیا جائے گا۔