قومی ایئر لائن کی معطل ایئر ہوسٹس کینیڈا جاکر لاپتہ ،انتظامیہ کو 8ہزار ڈالر جرمانہ

پی آئی اے انتظامیہ نے فریحہ مختار کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کر دی ،کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کر دی گئی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا جس کے باعث اسے 2015ء میں معطل کیا گیا تھا

منگل 18 ستمبر 2018 17:41

قومی ایئر لائن کی معطل ایئر ہوسٹس کینیڈا جاکر لاپتہ ،انتظامیہ کو 8ہزار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) قومی ایئر لائن کی معطل ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا جاکر لاپتہ ہوگئی،پی آئی اے انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی جبکہ کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایئر ہوسٹس فریحہ مختار پر کرنسی اور قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کا الزام تھا جس کے باعث اسے 2015ء میں معطل کیا گیا تھا۔

ایئرہوسٹس فریحہ مختار کے امریکہ سمیت تمام بین الاقوامی روٹس پر ڈیوٹی کرنے پر پابندی عائد تھی تاہم اس کے باوجود ایئرہوسٹس کینیڈا جانے میں کامیاب ہوگئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فریحہ مختار گیارہ ستمبر بروز منگل کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 789 سے ٹورنٹو گئی تھی اور جمعرات کو لاپتہ ہوئی۔

پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فریحہ مختار لاہور سے تعلق رکھتی ہے مگر اس کی ڈیوٹی کراچی سے لگوائی گئی، کینیڈا کی پرواز پر فریحہ کی ڈیوٹی مبینہ طور پر پیپلز یونٹی کے کچھ عہدیداروں کی ملی بھگت سے لگی۔ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں غائب ہونے پر پی آئی اے کو 8ہزار ڈالر جرمانہ بھی ہوا۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹس لاپتہ ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور کینیڈین پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔