فضائی آلودگی(سموگ)سے بچنے کیلئے کاشتکارفصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں‘ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

امسال محکمہ زراعت پنجاب کی ٹیمیں فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کی مانیٹرنگ کریں گی اور متعلقہ کاشتکار کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی

منگل 18 ستمبر 2018 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق فصلوں کی باقیات مثلاً دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی(سموگ)پیدا ہوتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق فضاء میں معلق ذرات کی زیادہ سے زیادہ مقدار80 مائیکروگرام پر کیوبک میٹر ہونی چاہیے مگر جب یہ مقدار اس حد سے تجاوز کر جائے تو یہ صورتحال فصائی آلودگی(سموگ) کہلاتی ہے جس کی وجہ سے فصلات، باغات اور سبزیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔

ان منفی اثرات کی وجہ سے پودوں کی نشوونما متاثر ہونے کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات مثلاً دھان کے مڈھوں اور کپاس کی چھڑیوں کو آگ نہ لگائی جائے بلکہ ان کو زمین میں ملا کر زمین کی زرخیزی میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بھٹہ کے مالکان بھی فصلات کی باقیات کو بطور ایندھن استعمال کرنے سے گریز کریں۔

سموگ کی صورت میں کاشتکار فصلوں، باغات اور سبزیوں کو ہلکا پانی لگائیں اس عمل سے سموگ کے اثرات کافی حد تک زائل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سموگ کی صورت میں کاشتکارہفتہ میں فصلات پر سادہ پانی کا ایک سے دو مرتبہ سپرے کریں۔پانی کا سپرے کرنے سے فصلوں کے پتوں پرسموگ کی وجہ سے گرد جمع نہیں ہو گی جس سے سموگ سے پودا متاثر ہونے سے محفوظ رہے گااور پودوں میں ضیائی تالیف کا عمل درست انداز میں جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

سموگ سے انسانوں کے علاوہ چرند، پرند اور پودے بھی متاثر ہوتے ہیں۔کپاس کی چنائی صوبہ بھر میں جاری ہے۔ کپاس کی چنائی شبنم خشک ہونے کے بعد کی جائے اور نمی والی کپاس کو گودام میں رکھنے سے گریز کریں۔ ترجمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ امسال محکمہ زراعت پنجاب کی ٹیمیں فصلات کی باقیات کو جلائے جانے کی مانیٹرنگ کریں گی اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس مرتب کریں گی۔چونکہ فصلات کی باقیات کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی (سموگ) پیدا ہوتی ہے لہذٰا ماحول کو انسان دوست بنانے کی غرض سے ایسے کاشتکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی جو اپنی فصلات کی باقیات کو آگ لگائیں گی-

متعلقہ عنوان :