برطانیہ و یورپ کے فیکٹ فائنڈنگ پارلیمانی وفد کی اسلام آباد آمد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہمارے دورے کا مقصد جموں و کشمیر کی صورتحال سے واقفیت حاصل کرنا ہے، ایل او سی کا دورہ بھی کریں گے ، کشمیر کے دونوں اطراف کے لوگوں کو سنننے کے ساتھ ساتھ ان کے حالات دیکھنا ہے،وفد ارکان

منگل 18 ستمبر 2018 19:10

برطانیہ و یورپ کے فیکٹ فائنڈنگ پارلیمانی وفد کی اسلام آباد آمد، وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) برطانیہ و یورپ کا فیکٹ فائنڈنگ پارلیمانی وفد اپنے دورہ پاکستان و آزاد کشمیر کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا ہے ، پارلیمانی وفد میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کے ممبران ، ممبر ہائوس آف لارڈ ، یورپی پارلیمنٹ کے ممبران شامل ہیں ، وفد کی قیادت برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آن کشمیر کے چئیرمین ایم پی کرس لیزلے اور یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کی کو چئیرپرسن ایم ای پی اینتھیا میکلنٹائر نے کی ۔

وفد میں برطانوی شیڈ ومنسٹرفار جسٹس ایم پی بیرسٹر عمران حسین ، ہائوس آف لارڈ کے ممبر لارڈ قربان حسین ، میاں فیصل رشید ممبر برطانوی پارلیمنٹ ،جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین ، بریڈ فورڈ کے کونسلرکامران حسین پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

وفد نے وزرات خارجہ پاکستان کا دورہ کیا دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور وفد کی سطح پر تبادلہ خیال کیا ۔

بعد برطانوی و یورپی ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام بریفنگ اجلاس میں شرکت کی ۔ بریفنگ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے وفد کو کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر وفد کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ، نوجوانوں ، طلبہ کو ٹارگٹ کرنے ، کالے قوانین کے تحت جیلوں میں بند معصوم شہریوں اور سیاسی لیڈر شپ کی صورتحال ، معصوم آصفہ سمیت دیگر ہزاروں خواتین کی عصمت دری ، آٹھ لاکھ فوج کو کالے قوانین کے تحت حاصل اختیارات اور اس کے تحت کشمیریوں پر ظلم ، نوجوان طلبہ و طالبات کو ٹارگٹ کرنے اور تعلیم سے روکنے ، تعلیمی اداروں کی بندش ، سیاسی احتجاج کو طاقت سے روکنے ، صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے ، آر پار کشمیریوں کو ایک دوسرے سے ملنے پر سنگین پابندیوں ، ایل او سی پر بھارت کی اشتعال انگیزی سمیت دیگر اہم امور پر وفد کو بریفنگ دی گئی ، مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو وفد کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سمیت تحریک آزاد کشمیر کے مختلف ادوار اور حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظلم و بربریت سے آگاہ کیا ۔

کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی مکمل تفصیلات وفد کو پیش کی گئی ۔ اس موقع پر برطانیہ و یورپ کے پارلیمانی وفد کے اراکین نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد جموں و کشمیر کی صورتحال سے واقفیت حاصل کرنا ہے ۔ ہم ایل او سی کا دورہ بھی کریں گے جبکہ کشمیر کے دونوں اطراف کے لوگوں کو سنننے کے ساتھ ساتھ ان کے حالات دیکھنا ہے ۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے ۔

کسی بھی خطہ میں لوگوں کو ان کے حقوق طاقت کی بنیاد پر غصب نہیں کیے جا سکتے ۔ بڑی تعداد خواتین کی عصمت دری انتہائی افسوسناک ۔ ہم کشمیر جلد اس صورتحال پر برطانوی و یورپی پارلیمنٹ میں بحث اور اس بارے ان دو بڑے عالمی فورمز کو متحرک کریں گے ۔ اس موقع پر اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے نمائندوں نے وفد کو کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفصیلات بھی پیش کیں ۔

وفد میں شامل جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے برطانیہ و یورپ کے ممبران کا دورہ کرنے اور کشمیریوں کی آپ بیتی سننے پر شکریہ ادا کیا ۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ پارلیمانی وفد کا دورہ اہل کشمیر کی جدو جہد اور قربانیوں کے بعد ایک بڑی پیش رفت ہے ۔ برطانیہ و یورپ کی پارلیمان دنیا کے دو بڑے فورمز ہیں اور ان میں کی جانے والی بات دنیا میں اپنا وزن رکھتی ہے ۔

ہم سفارتی محاذ پر تحریک آزادی کے لیے ہر دروازا کھٹکھٹائیں گے ۔ اس موقع پر کشمیر میڈیا سروس کے انچارج شیخ تجمل الاسلام ، حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات عبدا لحمید لون نے بریفنگ اجلاس کا انتظام کیا ۔اجلاس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ممبران ، کشمیر یوتھ فورم کے ذمہ داران سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔