اسلام آباد، مشعال ملک سے برطانیہ و یورپی ممبران پارلیمنٹ کی ملاقات

کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہائی تشویشناک ہیں بھارتی حکومت حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جو کہ بھارت کے ایک بڑے جمہوری ملک ہونے پر سوالیہ نشان ہے، یورپی و برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریو ں کی آواز کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا، راجہ نجابت حسین ، کامران حسین کی مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 18 ستمبر 2018 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ و چئیرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک سے برطانیہ و یورپی ممبران پارلیمنٹ کی ملاقات ، ملاقات کے بعد مشعال ملک اور پارلیمانی وفد کی پریس کانفرنس ۔ اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کی ممبر و فرینڈز آف کشمیر کی چئیر پرسن ایم ای پی اینتھیا میکلنٹائر ، برطانیہ کے شیڈو منسٹر فار جسٹس ایم پی عمران حسین ، لارڈ قربان حسین ، تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین ، کونسلر کامران حسین نے مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہائی تشویشناک ہیں ۔

بھارتی حکومت حق خود ارادیت کے لیے جدو جہد کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جو کہ بھارت کے ایک بڑے جمہوری ملک ہونے پر سوالیہ نشان ہے ۔

(جاری ہے)

یورپی و برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریو ں کی آواز کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا ۔ ایم پی عمران حسین نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی انتہا کر چکا ہے ۔ کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی روزانہ خبریں مل رہی ہیں۔

اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جس انداز میں نسل کشی کر رہا ہے یہ عالمی فورمز اور انسانی حقوق کے اداروں پر سوالیہ نشان ہے ۔ عالمی اداروں کو کشمیریوں کے حقوق خودارادیت کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انسانی حقوق کی سنگین کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہو گا ۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے ایک رپورٹ اقوام متحدہ نے جاری کی ہے جو بھارت کے مکروہ چہرے کو مکمل بے نقاب کرتی ہے ۔

ایک رپور انشااللہ دسمبر کے مہینے میں برطانوی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی ۔ ہم سفارتی سطح پر ہر حربہ اختیار کریں گے تا کہ بھارت کا ظلم و جبر روکا جا سکے اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور سپورٹ ہو سکے۔اس موقع پر مشعال حسین ملک نے وفد کا رہائش گاہ آنے پر شکریہ ادا کیا ۔ مشعال حسین ملک کا نے کہا کہ ہم دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے لیے آواز بلند کریں ۔

اب پہلے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا تھا اب کشمیریوں کی لاشوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے اور بھارتی حکومت ایسے اہلکاروں اور آفیسروں کو انعامات سے نوازتی ہے ۔ کشمیر میں ہر روز 6، 7لاشیں گر رہی ہیں ۔ ظلم و بربریت پر عالمی دنیا کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ یاسین ملک سمیت دیگر حریت قائدین پر بھارتی فوج انسانیت سوزمظالم کر رہی ہیں ۔ وفد سے اپیل ہے کہ ہماری آواز دنیا تک پہنچائے ۔ بھارت کے جبر و طاقت کے استعمال کے باوجود روز بروز جذبہ حریت بڑھ رہا ہے ۔