نوازشریف اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ، رنجیدہ نظر آئے

کمرہ عدالت میں انکی اہلیہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی، لیگی لیڈران کی بڑی تعداد موجود تھی، نوازشریف سے فرداً فرداً ملاقات کی، انہیں تسلی دیتے رہے

منگل 18 ستمبر 2018 19:34

نوازشریف اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ، رنجیدہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے تورنجیدہ نظر آئے،کمرہ عدالت میں انکی اہلیہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،میاں نوازشریف کمرہ عدالت میں آئے تو لیگی لیڈران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے میاں نوازشریف سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انہیں تسلی دیتے رہے،زیب جعفر اورطاہرہ اورنگزیب آبدیدہ ہوگئیں،جس سے کمرہ عدالت کا ماحول سوگوار ہوگیا،میاں شہبازشریف نے اپنے بھائی میاں نوازشریف کے گھٹنوں کو چھوا اور اُن کی خیریت دریافت کی،میاں شہبازشریف کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے جس پر میاں نوازشریف نے انہیں تسلی دی اور چپ کروایا۔

میاں نوازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں سابق وزیر ڈاکٹر طارق فضل، سینیٹر چوہدری تنویر،سینیٹر پرویز رشید،میئر اسلام آباد انصر عزیز،ایم این اے میاں جاوید لطیف،سابق مشیر عرفان صدیقی،مخدوم جاوید ہاشمی،انجم عقیل،سردار ممتاز خان و دیگر شامل تھی۔