Live Updates

مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے ڈھونگ انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل

منگل ستمبر 20:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام سے مقبوضہ علاقے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کی طرف سے رچائے جانیوالے انتخابی ڈھونگ کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے ایک سیاسی ہتھکنڈہ قراردیا۔

مشترکہ حریت قیادت نے کہاکہ نام نہاد انتخابات کشمیریوں کے بین الاقومی طورپر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہیںجس کیلئے انہوںنے ساڑھے چھ لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانہ کے علاوہ اربوں روپے مالیت کی جائیداد وں کی قربانی دی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہفتہ کے روز قاضی گنڈ میں ایک شہری رئوف احمد گنائی کے قتل کے خلاف ضلع اسلام آباد میں مسلسل چوتھے دن بھی مکمل ہڑتال کی گئی ۔ تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔ پیرامیڈیکل کے طلباء نے جمعرات کو سرینگر جموں شاہراہ پر گرفتار ہونے والے اپنے ساتھی محمد اقبال راتھرکی رہائی کے لیے سرینگر میںاحتجاجی مظاہرہ کیا۔

اقبال کو اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے جموں جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی پولیس نے اسلام آباد قصبے میںدوران شب چھاپوں میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے رہنما عاشق حسین نارچورسمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں مٹن اور ضلع اسلام آباد کی دیگر جیلوں میں نظربند ایک درجن سے زائد قیدیوں کو وادی کشمیر سے باہر کی جیلوں میں منتقل کرنے کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں محرم کے جلوسوں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو سیاسی طورپر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے نیوہ میں ایک گرینیڈ حملے ایک بھارتی فوجی زخمی ہوگیا۔ زخمی فوجی کوعلاج کے لیے سرینگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ آزاد جموںوکشمیر کے طلباء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے قتل وغات کا نیا سلسلہ شروع کرنے کے خلاف آج مظفر آباد میں ایک احتجاجی ریلی نکالی۔
تنازعہ مقبوضہ کشمیر کی بھڑکتی ہوئی آگ سے متعلق تازہ ترین معلومات