ماربل کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ سے زرمبادلہ بڑھایا جا سکتا ہے،شیخ عامر وحید

منگل 18 ستمبر 2018 20:08

ماربل کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ سے زرمبادلہ بڑھایا جا سکتا ہے،شیخ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا ہے کہ ملک میں ماربل کے شعبہ کی ترقی کی بے شمار صلاحیت موجود ہے، ماربل کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ سے زرمبادلہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں میں میاں گلزار احمد بطور چیئرمین، محمد بلال خان سینئر وائس چیئرمین اور شیخ افتخار بطور وائس چیئرمین شامل ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، محمد شکیل منیر,سلیم مغل، فرخ مجید، خالدمیاں اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ ماربل و گرینائٹ کی عالمی مارکیٹ تقریباً 62 ارب ڈالر پر مشتمل ہے لیکن اس میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان ماربل کی عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھا کر کئی گنا بہتر نتائج حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھی تک ماربل و گرینائٹ نکالنے کیلئے پرانی ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہا ہے جس وجہ سے ہمارا تقریباً 73 فیصد پتھر ضائع ہو جاتا ہے جو ملک کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر ماربل انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں حکومت تعاون کرے تو یہ انڈسٹری ماربل مصنوعات کی برآمدات بڑھا کر ملک کیلئے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتی ہے۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں ماربل و گرینائٹ کے وسیع ذخائر پائے جاتے ہیں لہذا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اور ماربل مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کر کے برآمدات کو تیزی سے فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان سے خام ماربل درآمد کرتا ہے اور اس کی ویلیو ایڈیشن کر کے کئی گنا زیادہ منافع حاصل کرتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ماربل صنعت کی جدید مشینری و ٹیکنالوجی کی درآمد پر تمام ٹیکسوں و ڈیوٹیز کا خاتمہ کرے تا کہ نجی شعبہ نئی مشینری و ٹیکنالوجی حاصل کر کے ماربل صنعت کو بہتر خطوط پر ترقی دے سکے جس سے نہ صرف اس انڈسٹری کو بہتر ترقی ملے گی بلکہ پاکستان اربوں ڈالر کی ماربل و گرینائٹ مصنوعات کو برآمد کرنے کے قابل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت چین کے ساتھ مل کر ملک میں ماربل انڈسٹریل پارک بنائے جس سے ماربل صنعت کو تیزی سے فروغ ملے گا۔ آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین میاں گلزار احمد، سینئر وائس چیئرمین محمد بلال خان اور نائب چیئرمین شیخ افتخار نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ماربل شعبے سے وابستہ صنعتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر ان کے اہم مسائل کو حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے اس موقع پر چیمبر کے عہدیداران کا حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مشترکہ مفادات کے فروغ کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔