ڈاکٹر غضنفرعلی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس

فصلوں کی باقیات کو مانیٹر کرنے کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا

منگل 18 ستمبر 2018 20:16

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) ڈاکٹر غضنفر علی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ ) نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کے واقعات کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریگا، دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی(سموگ)پیدا ہوتی ہے، سموگ کی وجہ سے انسانی زندگی فصلات، باغات اور سبزیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے، اجلاس میں رانا محمود چیف پلاننگ اینڈ ایلیوایشن سیل زراعت ، رائے مدثر عباس ناظم زرعی اطلاعات ،سید ظفریاب حیدر ڈائریکٹرجنرل زراعت(توسیع) و دیگر اعلی افسران نے شرکت کی، اجلاس میں طے پایا کہ فیلڈ اسسٹنٹس روزانہ کی بنیاد پر دھان کی فصل کی باقیات کو جلائے جانے والے واقعات کو مانیٹر کریں گے اور اس کی رپورٹ ڈائریکٹر(ایم اینڈ ای) اور ڈویژنل ڈائریکٹر کو کریں گے، دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی لہذٰا کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس عمل سے نہ صرف زمین کی بالائی سطح پر موجود نامیاتی مادہ کو نقصان پہنچتا ہے اور زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے، دھان کے مڈھوں سے اٹھنے دھواں ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتا ہے، دھان کے مڈھوں کو تلف کرنے کیلئے کاشتکار روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو کی مدد سے باقیات کو زمین میں ملا دیںیا گہرا ہل چلا کر آدھی بوری یوریا فی ایکڑ چھٹہ کرکے پانی لگا دیں، اس سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔