نجی اسکول فیس کیس ،ْتمام ہائیکورٹس، رجسٹریوں سے سماعت کا ریکارڈ طلب

اسکولوں کو فیس کے معاملے میں خود اپنا دفاع کرنا ہوگا ،ْ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے ریمارکس

منگل 18 ستمبر 2018 20:16

نجی اسکول فیس کیس ،ْتمام ہائیکورٹس، رجسٹریوں سے سماعت کا ریکارڈ طلب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس سے متعلق ملک بھر کی ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کی رجسٹریوں میں زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔واضح رہے کہ 3 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں سالانہ 5 فیصد سے زائد اضافہ غیر قانونی قرار دیا تھا۔

پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے توسط سے 2 ہزار سے زائد والدین نے 2017 میں فیسوں میں اضافے سے متعلق ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔سماعت کے دوران والدین کے وکیل نے کہا تھا کہ ریاست کو کاروباری اصول واضح کرنے اور ناجائز منافع روکنے کا اختیار ہے جبکہ سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے یہ منافع بخش کاروبار کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بڑے اسکولوں کو فریق بنا کر اس معاملے کو سماعت کیلئے مقرر کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اسکولوں کو فیس کے معاملے میں خود اپنا دفاع کرنا ہوگا۔عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ نجی اسکولوں کی فیسوں کا مسئلہ انتہائی اہم نوعیت کا ہے۔سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ طلب کر تے ہوئے 4 اکتوبر کو مقدمات مقرر کردی۔