ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے ،ْسرفراز احمد

اچھی ٹیمیں ہمیشہ تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں ،ْبھارتی ٹیم نے بھی ہمارے خلاف تیاری کی ہوگی ،ْ میڈیا سے گفتگو

منگل 18 ستمبر 2018 20:16

ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے ،ْسرفراز احمد
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستان قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت معرکے میں ویرات کوہلی کے نہ ہونے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھی ٹیمیں ہمیشہ تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں اور بھارتی ٹیم نے بھی ہمارے خلاف تیاری کی ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ دونوں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے جبکہ اوپنر فخر زمان دن بدن اپنی پرفارمنس بہتر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی میچ میں کوئی بھی ٹیم مخالف کے خلاف بھرپور تیاری سے میدان میں اترتی ہے اور پاک بھارت میں کے حوالے سے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ اس میچ کو سمجھ کر کھیلنا ہے۔سرفراز احمد کے مطابق بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی کے علاوہ بھی اچھے کھلاڑی ہیں، اگرچہ ویرات کوہلی ایک بڑا کھلاڑی ہے اور ان کے نہ کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں اور شائقین کو پاک بھارت میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور میچ میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔