کشمیر یوں کا حق خود ارادیت تسلیم کئے بغیر جنوبی ایشیا میںامن قائم نہیں ہوسکتا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، عالمی برادری شر مناک حد تک خاموش ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

منگل 18 ستمبر 2018 20:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل و غارتگری اور ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ عالمی برادری شر مناک حد تک خاموش تماشائی بنی ہوئے ہے۔کوئی کشمیر کے حق خود ارادیت کے لئے بات کرنے کو تیار نہیں۔

امریکہ ہو روس یا چین ، حتی ٰ کہ او آئی سی کے رکن ممالک کو بھی سانپ سونگھ گیا ہے۔کوئی بولنے کو تیار نہیں۔ مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کا حق خود ارادیت تسلیم کئے بغیر جنوبی ایشیا میںامن قائم نہیں ہوسکتا۔ آفرین ہے کشمیری نوجوانوں پر جنہوںنے اپنی جانوں پر کھیل کر بھی تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہے۔

(جاری ہے)

حالانکہ بھارتی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں اخلاقیات کی تمام حدیں پار کرچکی ہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ پاکستان سیاسی اور سفارتی محاذ پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کا وکیل ہے، حکومت کو چاہیے کہ عالمی برادری کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے اور اکثریتی مسلم آبادی کی ریاست کو پاکستان میں شامل کرانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کروانے کے لئے دباو بڑھائے۔