چیئرمین سینیٹ کی ترکی کے کاروباری حضرات کو گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت

دوست ملک ترکی کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں بہتری آئے گی، صاد ق سنجرانی کی ترکی سے پارلیمنٹرین اور کاروباری حضرات سے ملاقات میں گفتگو

منگل 18 ستمبر 2018 20:26

چیئرمین سینیٹ کی  ترکی کے کاروباری حضرات کو گوادر میں سرمایہ کاری کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی نے ملکی ترقی کیلئے ترکی سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات کو گوادر میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک ترکی کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے منگل کوترکی سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرین اور کاروباری حضرات سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان ترکی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات وقت کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں جن کی بنیاد مذہب ، ثقافت اور تاریخی اہمیت سے جانی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ملک ترکی کی پاکستان میں ہونے والے زلزلے کے دوران کی جانے والی امداد کو کبھی نہیں بھول سکتا۔

ترکی نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے موقف کی ہمیشہ حمائت کی ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں ترکی کا کردار مثالی ہے۔پاکستان شام میں ناگہانی صورتحال کی وجہ سے ترکی کو درپیش پناہ گزینوں کے مسائل بارے آگاہ ہے کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان بھی افغان پناہ گزینوں کے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ترکی کی ہر مشکل گھڑی میں اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایشین پارلیمنٹری اسمبلی کا اجلاس اکتوبر کے آخر میں گوادر میں منعقد ہورہا ہے اور دوست ملک ترکی اے پی اے کا صدر ہے۔ پاکستان ترک کے وفد کی اس اسمبلی میں شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمنٹرین کو فرینڈ شپ گروپ سے مستفید ہونا چاہیے۔

پاکستان ترکی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین طلحہ محمود نے وفد سے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے شام پناہ گزینوں کا ترکی کے بارڈر پر دورہ کیا تھا اور 7 سو جانور بشمول بھیڑیں عیدالاضحی کے موقع پر ذبح کر کے پناہ گزینوں میں تقسیم کیے۔ترکی کے وفد نے چیئرمین سینیٹ کو شام کے پناہ گزینوں کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔ ترکی کے وفد میں میئر کلس حسن کارا، ممبر پارلیمنٹ / چیئرمین سیکورٹی ایجنسی مصطفی حلمی دلگر،ایڈوائزگورنر کلس اکرام الحمدو،ایڈوائز پی ایم داداپ کینیا محمد عادن سن،صدر پاک ترک فرینڈ شپ فاؤنڈیشن وقار بادشاہ شامل تھے۔ قبل ازیں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز ، سیکرٹری انچارج سرمایہ کار ی بورڈ سے بھی ملاقاتیں کیں۔