وزیراعلی خیبرپختونخوا سے چیف سیکرٹری نوید کامران اورآئی جی صلاح الدین محسود کی ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محرم الحرام کے دوران بھر پور سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کرنے کی ہدایت کردی حساس اضلاع اور علاقوں پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے ،انتظامیہ اور پولیس مل کر مثالی اقدامات کے ذریعے محرم الحرام میں گڑ بڑ پھیلانے والوں کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 18 ستمبر 2018 20:28

وزیراعلی خیبرپختونخوا سے چیف سیکرٹری نوید کامران اورآئی جی صلاح الدین ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محرم الحرام کے دوران بھر پور سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کے مابین ہر سطح پر رابطہ رہنا چاہیئے ۔ حساس اضلاع اور علاقوں پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے ۔ انتظامیہ اور پولیس مل کر مثالی اقدامات کے ذریعے محرم الحرام میں گڑ بڑ پھیلانے والوں کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔

وہ صوبے کے چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ اور انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین محسود سے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں بات چیت کررہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کو انتظامی اور پولیس کی تعیناتی پر بریفینگ دی گئی ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ حساس علاقوں میں زیادہ نفری اور مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ محرم کے حساس مہینے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو اورنہ ہی کوئی شرپسند اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب ہو سکے۔

عوام کی جان و مال کی حفاظت سب سے اہم ذمہ داری ہے ۔ اس ذمہ داری کا ادراک کرتے ہوئے ہمیں پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے اور ان اقدامات میں انتظامیہ اور پولیس ہر سطح پر رابطے میں رہے ۔ان کا رابطہ سکیورٹی اور انتظامی لحاظ سے ہونا چاہیئے کیونکہ حکومت بہترین انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کے ذریعے عوام کی جان و مال کو تحفظ دینا چاہتی ہے ۔ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے اور یہ اچھی حکمرانی کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ کو اس موقع پر انتظامی اور سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ محرم کی حساسیت کے تناظر میں غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیںتاکہ جلوسوں اور دیگر اجتماعات کو تحفظ حاصل ہو ۔ وزیراعلیٰ کو ضلعی سطح پر کمیٹیوں، ان میں شامل عوامی نمائندوں ،اُن کے مابین رابطے ، ہنگامی صورتحال میں مناسب اقدامات ، حساس اضلاع کی فضائی نگرانی ، سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب، کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایات سمیت صحت عامہ سے متعلق بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔