برطانیہ میں ’علی‘ طوفان کی آمد سے خطرہ

منگل 18 ستمبر 2018 21:14

برطانیہ میں ’علی‘ طوفان کی آمد سے خطرہ
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) برطانیہ کے شمالی حصوں میں 'علی' نامی طوفان کی آمد کی وجہ سے وہاں 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ آنے کی توقع ہے اور حکام کا خیال ہے کہ اس سے سفر کرنے میں بھی دشواریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ علی طوفان کی وجہ سے برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ انگلینڈ کے شمالی حصے، سکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں طوفان آنے کے امکانات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'علی' کی تند و تیز ہواؤں سے ملبہ اڑنے کا خطرہ ہے جس کی وجہ سے انسانی جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔'علی' اس سال برطانیہ کا پہلا طوفان ہے جسے نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل ویلز میں آنے والا طوفان 'ہیلین' کا نام ایک امریکی طوفان سے لیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار ڈین ہال نے کہا کہ 'ہم توقع کر رہے ہیں کہ 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے یا اس سے زیادہ رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔

(جاری ہے)

زیادہ خطرے والے علاقوں میں امبر رنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے مطلب ہے کہ وہاں عمارتوں کو خطرہ ہو سکتا ہے، سفری نظام جیسے سڑک، فیری، ہوائی اور ریلوے کے نظام متاثر ہو سکتے ہیں اور بجلی بھی معطل ہو سکتی ہے۔پیلی وارننگ میں رفتار کم ہوتی ہے لیکن نقصان کا امکان پہلے جتنا ہی ہوتا ہے۔موسمی حالات کا تجزیہ کرنے والی بونی ڈائمنڈ نے کہا کہ صورتحال دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ جمعرات کو تیز بارش ہو گی۔