پی ایف ایف قومی انڈر15فٹ بال چیمپئن شپ سندھ نے جیت لی، فائنل میں پنجاب کو پنلٹی ککس پر 4-1سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا

منگل 18 ستمبر 2018 21:26

پی ایف ایف قومی انڈر15فٹ بال چیمپئن شپ سندھ نے جیت لی، فائنل میں پنجاب ..
لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) پی ایف ایف قومی انڈر15فٹ بال چیمپئن شپ سندھ نے جیت لی، فائنل میں پنجاب کو پنلٹی ککس پر 4-1سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، صدر پی ایف ایف مخدوم سید فیصل صالح حیات نے نائب صدر و پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر خان اور جنرل سیکرٹری کرنل(ر)احمد یار لودھی کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عامر جان تھے، فیصلہ کن میچ میں سخت مقابلہ ہوا، پنجاب کی جانب سے باسط نے 5ویں منٹ میں گول کیا، ہاف ختم ہونے سے قبل حماد نے برتری دگنا کردی،سندھ کی جانب سے محب اللہ نے 53ویں اور عامر نے 66ویں منٹ میں سکور کرتے ہوئے مقابلہ 2-2سے برابر کردیا،بعد ازاں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی پنلٹی ککس پر سندھ کی ٹیم 4-1سے سرخرو ہوئی، قبل ازیں اسلام آباد نے بلوچستان کو 2-0سے ہرا کر تیسری پوزیشن پائی۔

(جاری ہے)

ایونٹ کی فاتح سندھ ٹیم کو 3 ، رنرز اپ پنجاب کو 2 جبکہ تیسری پوزیشن پر آنے والی اسلام آباد سائیڈ کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا،فیئر پلے ٹرافی فاٹا کے حصے میں آئی،ٹیم کو 40ہزار روپے ملے،بہترین کھلاڑی بسمہ اللہ(بلوچستان) کو 40ہزار روپے دیے گئے،ٹاپ سکورر مدثر(سندھ) اور بہترین گول کیپرمحمد اویس (پنجاب)کو 30،30ہزار روپے جیب میں ڈالنے کا موقع ملا، سیکرٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن رحٰم بلوچ کو خصوصی شیلڈ دی گئی، اس موقع پر بات کرتے ہوئے صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ انڈر15مقابلے فٹ بال کیلئے نرسری کا درجہ رکھتے ہیں،کھیل کو گراس روٹ سطح پر فروغ دیئے بغیر مستقبل کیلئے نیا ٹیلنٹ حاصل نہیں ہوسکتا،پی ایف ایف جونیئر فٹبالرز کو صلاحیتیں نکھارنے کیلئے ہر ممکن مواقع فراہم کررہی ہے،حالیہ ایونٹ میں بھی چند ابھرتے ستارے نظر آئے ہیں،نوعمر کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کیا جارہا ہے،ان کو ٹریننگ کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،یہی پلیئرز پاکستان فٹ بال کو عروج کی جانب گامزن کریں گے، فیفا کے صدرجیانی انفینٹینو نے حالیہ ملاقات میں پاکستان کی ہر ممکن سپورٹ کی یقین دحانی کروائی ہے، 2019 میں دوطرفہ فٹ بال سیریز کا ارادہ رکھتے ہیں، فٹ بال دنیا کا پسند یدہ ترین کھیل ہے، حکومت فٹ بال کے فروغ کے لئے بھرپور معاونت کرے،پی ٹی وی قومی فٹ بال کو کوریج فراہم کرے۔