وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ کے ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 84ارب روپے کم دیئے گئے، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز ناصر حسین شاہ

منگل 18 ستمبر 2018 21:35

وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ کے ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 84ارب روپے کم ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ کے ترقیاتی اسکیموں کی مد میں 84ارب روپے کم دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے سندھ بھر میں کئی ترقیاتی اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں، محکموں کی کوتاہی کی وجہ سے ترقیاتی اسکیموں کی رقم میں اضافہ ہوتا ہے۔

وہ کوٹری پھاٹک پر فلائی اوو کے تعمیراتی کام کے جائزے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر غلام شبیر میمن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کوٹری فلائی اوو بہت اہم پروجیکٹ ہے جو مختلف وجوہ کے باعث تعطل کا شکار رہا مگر اب اس کا کام آخری مراحل میں ہے اور 13 اکتوبر کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے ترقیاتی بجٹ کے لئے 84ارب روپے نہیں دیئے گئے بار بار شکایات کے بعد بھی 52ارب روپے کم دیئے جس سے سندھ کے کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں کیا جا سکا ،یہی نہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے ہر مسائل پر سندھ کو نظر انداز کیا گیا ،اب نئے پرائم منسٹر سے ہمیں امید ہے کہ وہ سندھ کو فراموش نہیں کریں گے اور اپنے کہے ہوئے عمل کریں گے ،سندھ پاکستان کا حصہ ہے اس سے سوتیلی ماں جیسا سلوک نہیں ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کے دوران کئی مسائل پیدا ہوئے ریلوے سمیت دیگر محکموں کی جانب سے مشکلات پیدا کی گئیں جس سے فلائی اوور کے کام میں تاخیر ہوئی ،انہوں نے کہا کہ اگر محکمے بہتر طور پر کام کریں محکموں کی کوتاہی کی وجہ سے ترقیاتی اسکیموں کی رقم میں اضافہ بھی ہوتا ہے اور پروجیکٹ لیٹ ہو جاتا ہے اب حالیہ دور میں جس پروجیکٹ میں تاخیر ہو گئی تو اس کی رقم میں اضافہ کی ذمہ داری محکمہ پر عائد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں بھی سندھ میں کئی ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈ مقرر کئے گئے ہے مگر پہلے سے جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے لئے ہماری کوشش رہے گئی چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کی بھی یہ کوشش ہے کہ پہلے سندھ میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کوٹری پھاٹک پر فلائی اوور 1 ارب21کروڑ 27لاکھ روپے میں تیار کیا جارہا ہے اور یہ تین سالہ پروجیکٹ جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔