دہشتگردی کا ناسور پوری عالمی دنیاکیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے ،چوہدری محمد سرور

خاتمہ کے لئے ہم سب کو ایک سوچ و فکر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط قوم بن کر مقابلہ کرنا ہے،عالمی برادری پاکستان کی اِن عظیم قربانیوں کا اعتراف کرے،گورنر پنجاب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات بہتر ہیں ، تعلقات کو مزید مضبوط اور توانا کرنے کے لئے دونوں ممالک کوشاں ہیں، وزیر اعظم مدارس کا تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں، برطانوی وزیر داخلہ سے ملاقات میں گفتگو پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، برطانوی حکومت اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ساجد جاوید

منگل 18 ستمبر 2018 21:56

دہشتگردی کا ناسور پوری عالمی دنیاکیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کے لئے ہم سب کو ایک سوچ و فکر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط قوم بن کر مقابلہ کرنا ہے۔ دہشت گردی کا ناسور پوری عالمی برادری کے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ انتہائی جوانمردی اور بہادری سے کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

عالمی برادری پاکستان کی اِن عظیم قربانیوں کا اعتراف کرے اور دہشت گردی کے اِس عفریت کو نیست و نابود کرنے کے لئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے آج اُن سے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے وزیر داخلہ نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر برطانیہ کے ہائی کمشنر تامسن ڈریو بھی موجودتھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بشمول افغانستان، بھارت اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر پُر امن تعلقات چاہتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اسی صورت کامیاب ہوسکتی ہے جب تمام ممالک ایک پیج پر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات بہتر ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط اور توانا کرنے کے لئے دونوں ممالک کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں مدارس کا تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلبا کو فزکس، کمسٹری اور کمپیوٹر کی تعلیم دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔

گورنر نے برطانیہ کے وزیر خارجہ ساجد جاوید کو ریسکیو 1122کی کارکردگی سے متعلق بتایا۔ اُنہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122شاہراہوں پر حادثات میں زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے علاوہ قدرتی آفات میں شہریوں کی مدد کرتی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122کے افسران کی تربیت کے لئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ اس موقع پربرطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور برطانوی حکومت اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے ریسکیو 1122کے افسران کی جدید خطوط پر تربیت کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے مزار اقبال پر حاضری دی ۔انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا اور مغلیہ طرز تعمیر کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے عوام کی مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سے خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں ۔