میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں کا دور

منگل 18 ستمبر 2018 23:07

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ ‘ ڈپٹی میئر طارق چوہان ‘ میونسپل کمشنر پیر واحد بخش ‘ بلدیہ افسران پیر عطاء الرحمن خان ‘ خالد جتوئی ‘ عابد علی انصاری و دیگر کے ہمراہ مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں ، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کی گزر گاہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی ‘ صفائی ستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ عزاء داروں کو بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 10 محرم الحرام سے قبل امام بارگاہوں ‘ مجالس کے مقامات اور جلوس کی گزر گاہوں پر صفائی ستھرائی ‘ اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور سڑکوں پر مٹی ڈالنے کا کا کام مکمل کرلیا جائے جبکہ محرم الحرام کے دوران پانی کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مختلف ڈرینج اسٹیشنز کا بھی دورہ کیا اور انچارج کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پمپنگ اسٹیشنز کو فعال رکھا جائے ‘ خراب مشینری کی فوری مرمت کرائی جائے ‘ نکاسی کے حوالے سے کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہئے ‘ کسی بھی علاقے سے اوور فلو کی شکایت موصول ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

بعد ازاں انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے بندر روڈ اور ملٹری روڈ کا بھی دورہ کیا ‘ اس موقع پر انہیں ٹھیکیدار کی جانب سے ملٹری روڈ کی تعمیر ‘ اسٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب پر بریفنگ دی گئی جس پر میئر سکھر نے ٹھیکیدار کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جلد سے جلد سہولیات میسر آسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہمارا نصب العین ہے جبکہ سکھر کی منتخب بلدیاتی قیادت شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ‘ بیوٹیفکیشن کے کام کیساتھ ساتھ شہر میں شروع کی گئی شجرکاری مہم میں بھی تیزی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ شجرکاری کے ذریعے ہی بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے ‘ پودے نہ صرف فضاء کو آلودگی سے بچاتے ہیں بلکہ آکسیجن پیدا کر کے فضاء کو مضر مادوں سے بھی پاک کرتے ہیں ‘ شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے ‘ ماحول کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے تمام لوگوں کو اپنا کردرار ادا کرنا ہوگا۔