چیمبر کے انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے سراج قاسم تیلی پر ذمہ داری بڑھ گئی، جاوید شمس

منگل 18 ستمبر 2018 23:07

چیمبر کے انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے سراج قاسم تیلی پر ذمہ داری ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) انجمن تاجران سندھ کراچی ڈویژن کے صدر جاوید شمس نے کہا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) میں 11 سال بعد انتخابات کا انقعاد خوش آئند ہے۔ کراچی کے تاجروں نے ریکارڈ تعداد میں کے سی سی آئی کے انتخابات میںحصہ لیا اور ووٹ کاسٹ کر کے اپنی ذمہ داری پوری کی مگر اب باری جیتنے والے بی ایم جی گروپ کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بزنس مین گروپ کو اپنے ’’ عوامی خدمت‘‘ کے سلوگن پر عمل کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ کام کرناہوگا اور چھوٹے تاجروں میں پایا جانے والا احساس محرومی کو ختم کرنا ہوگا۔جاوید شمس نے کہاکہ انجمن تاجران سندھ (کراچی ڈویژن) چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اگر چیمبر چاہے تو چھوٹے تاجروں اور چیمبر کے درمیان دوریاں ختم ہو سکتی ہے کیونکہ یہ چھوٹے تاجر ہی ہیں جنہوں نے بی ایم جی کی کامیابی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا اور مشکل کی گھڑی میں بزنس مین گروپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا ۔

(جاری ہے)

کراچی کی تاجر برادری نے چیمبر کے الیکشن میں دوتہائی اکثریت دے کر بی ایم جی اور اس کے چیئرمین سراج قاسم تیلی پر ذمہ داری بڑھا دی ہے۔انہوں نے بی ایم جی کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ کراچی چیمبر میں چھوٹے تاجروں کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیں اور چھوٹے تاجروں کے حقیقی نمائندوں کو جگہ دے کر استحصال پسند خود ساختہ لیڈروں سے کراچی کے تاجروں کی جان چھڑائیں۔