آٹو انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ نمائش ’’آٹو مکینیکا‘‘ جرمنی میں پاکستان سے 14 کمپنیوں کی شرکت

منگل 18 ستمبر 2018 23:07

آٹو انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ نمائش ’’آٹو مکینیکا‘‘ جرمنی میں ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) آٹو انڈسٹری کی عالمی شہرت یافتہ نمائش ’’آٹو مکینیکا‘‘ جرمنی میں پاکستان سے 14 کمپنیوں نے وسیع پیمانے پر شرکت کی۔ فرینکفرٹ میں 11 ستمبر سے 15 ستمبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میںگاڑیوں کے پرزہ جات بنانے والی کمپنیوں کو بے حد اچھا رسپانس ملا ہے۔ ٹی ڈی اے پی مذکورہ نمائش میں گزشتہ دو دہائیوں سے شریک ہورہی ہے اور رواں سال بھی اس نمائش میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے ایک خوبصورت پویلین قائم کیا جس میں9کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے۔

نمائش میں 170ممالک کے ایک لاکھ33ہزار سے زائد خریداروں کی موجودگی نمائش کی اہمیت کو واضح کررہی تھی۔پاکستان سے تجارتی خریداروں میںایک اہم نام پاکستان آٹو اسپیئرپارٹس امپورٹرزاینڈ ڈیلرزایسوسی ایشن کا بھی ہے جن کے نمائندگان نے اس نمائش میں شرکت کی اس کے علاوہ بھی 100 سے زائدپاکستانی انڈسٹریز شریک رہیں جن میں پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

پاپام اسکل ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین اور پاکستان آٹو پارتس شو کے کنوینر مشہودعلی خان نے بتایا کہ آٹومکینیکا پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور عالمی مارکیٹ میں ہونے والی جدت سے آگہی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔مشہود علی خان کے مطابق نمائش میں شرکت کے دوران دنیا کی مختلف آٹو انڈسٹری کی تنظیموں اور کمرشل قونصلرز کے ساتھ بھی انکی ملاقاتیں رہیں بالخصوص آسٹریلیا،سائوتھ افریقہ،تیونس،سنگاپور،تائیوان کی تجارتی انجمنوں کے نمائندوں اور کمرشل قونصلرز سے ملاقات کیں اور انہیں پاکستان آٹو شو2019میں شرکت کی دعوت دی۔