ایشیا کپ، بھارت کا ہانگ کانگ کو ہرا کر فاتحانہ آغاز، ہانگ کانگ کی ٹیم 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 259 رنز بنا سکی، نزاکت خان کی 92 اور انشومن راتھ کی 73 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، شیکھر دھون 127 رنز بنا کر نمایاں، شیکھر دھون میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 19 ستمبر 2018 02:00

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت ہانگ کانگ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست سے بچ گیا، ہانگ کانگ کی ٹیم 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 259 رنز بنا سکی، نزاکت خان اور انشومن راتھ نے ٹیم کو 165 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم اس کے باوجود ہانگ کانگ کی ٹیم کامیابی حاصل نہ کر سکی، نزاکت خان کی92 اور انشومن راتھ کی 73 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، شیکھر دھون نے 127 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، شیکھر دھاون میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

منگل کو دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان انشومن راتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 285 رنز بنائے، 45 کے سکور پر بھارت کو کپتان روہت شرما کا نقصان اٹھانا پڑا جو 23 رنز بنا کر احسن خان کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر رائیڈو نے دھون کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 116 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 161 تک پہنچا دیا، یہاں پر احسن نواز نے رائیڈو کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، رائیڈو نے 60 رنز بنائے، اس کے بعد دنیش کارتھک نے دھون کا ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر سکور 240 تک پہنچا دیا، دھون جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 127 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کنشت شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد ہانگ کانگ کے بائولرز نے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، کارتھک 33، دھونی اور ٹھاکر بغیر کوئی رن بنائے اور بھنشور کمار 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کیدر جادھو 28 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کنشت شاہ نے 3، احسن خان نے 2 اعزاز خان اور احسن نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا سکی، نزاکت خان اور انشومن راتھ نے ٹیم کو165 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، نزاکت خان کی92 اور انشومن راتھ کی73 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکیں، بھارت کے خلیل احمد اور یزویندرا چاہال نے 3,3 جبکہ کلدیپ یادیو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔