کیوائی میں نجی پرائیویٹ سکول میں دوران اسمبلی سکول کے بچوں سے قومی پرچم کا پول بجلی کی مین لائن سے

ٹکرانے کے باعث کرنٹ لگنے سے تین بچوں اور سکول ٹیچر سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے

بدھ 19 ستمبر 2018 02:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) مانسہرہ کے علاقہ کیوائی میں نجی پرائیویٹ سکول میں دوران اسمبلی پرچم کشائی کے دوران طلباء سے قومی پرچم کا پول مین لائن سے ٹکرانے کے باعث کرنٹ لگنے سے تین بچوں اور سکول ٹیچر سمیت چار افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، واقعہ کے بعد افرا تفری مچ گئی، نعشیں بری طرح جھلس گئیں، افسوسناک واقعہ کے بعد کیوائی بازار بند کر دیا گیا، سکول انتظامیہ کے مطابق محکمہ واپڈا کو متعدد بار درخواستیں دیں جبکہ آخری درخواست گذشتہ ماہ 31 اگست کو ایکسئین واپڈا کے نام دی تھی جس میں تمام تر حالات کا ذکر کیا گیا تھا، پولیس نے حالات و واقعات کے تناظر میں محکمہ واپڈا کے ایس ڈی او منصور باجوہ اور سکول کے پرنسپل مجاہد حسین شاہ کے خلاف زیر دفعہ322 قتل باالسبب کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق بالاکوٹ سے چند کلو میٹر دور کیوائی کے مقام پر الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام تعمیر ملت سکول میں منگل کی صبح اسمبلی کے دوران سکول کے تین بچے آصف، نعمان اور بلال قومی پرچم لہرانے کیلئے پہلے سے نصب شدہ پائپ کے حصہ پر لوہے کا پائپ نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ وہ بجلی کی مین لائن سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں تینوں بچے بری طرح جھلس گئے، بچوں کو بچانے کیلئے سکول ٹیچر سفیر ولد زیبال خان ساکنہ نوگزی کیوائی لپکا اور لوہے کے پائپ کو لات مارنے کی کوشش میں وہ بھی زد میں آ گیا جس کے نتیجہ میں تینوں بچے اور سکول ٹیچر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ایک ساتھ چار جنازے اٹھنے پر لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشوں کو مقامی ہسپتال پہنچایا جہاں سے نعشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ سکول انتظامیہ کے مطابق انہوں نے بجلی کے پول کے ساتھ اور سکول پر سے گذرنے والی ہیوی لائنوں کی تبدیلی کیلئے درخواستیں دے رکھی تھیں مگر کوئی شنوائی حاصل نہیں ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق واپڈا کے ساتھ سکول انتظامیہ بھی غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔ پولیس نے محکمہ واپڈا سب ڈویژن بالاکوٹ کے ایس ڈی او منصور باجوہ اور تعمیر ملت سکول کے پرنسپل سید مجاہد حسین شاہ کے یخلاف زیر دفعہ 322 قتل باالسبب کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ مختلف مقامات پر ادائیگی کے بعد انہیں آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

کیوائی میں پیش آنے والے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی بالاکوٹ نیاز گل اور دیگر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاروائیوں کی بذات خود نگرانی کی۔ پولیس تحقیقات کے مطابق سکول کے اوپر سے گذرنے والی بجلی کی مین لائن کا فاصلہ زمین سے 16 فٹ ہے جبکہ سکول میں قومی پرچم لہرانے کیلئے استعمال ہونے والے لوہے کے پائپ کی لمبائی ساڑھے بائیس فٹ ہے اور لوہے کا وزنی لمبا پائپ اٹھاتے ہوئے سکول کے بچے اس کا توازن برقرار نہیں رکھ سکے اور پول مین لائن پر جا گرا جس سے چار قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔