صوبائی وزیر نے فرائض سے غفلت برتنے پر دسٹرکٹ زکوٰة آفیسر راولپنڈی کو معطل کر دیا

بدھ 19 ستمبر 2018 02:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) وزیر زکوٰةو عشر پنجاب شوکت علی لالیکا نے فرائض سے غفلت برتنے پر دسٹرکٹ زکوٰة آفیسر راولپنڈی کو معطل جبکہ ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر اٹک کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر زکوٰة و عشر نے یہ ہدایات راولپنڈی ڈویژن کی زکوٰة کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔

ایڈمنسٹر یٹر زکوٰة پنجا ب محمد یوسف بٹ جبکہ راولپنڈی ، جہلم ، چکوال ،اٹک کے زکوٰة دفاتر کے افسران اور اہلکار اجلاس میں شریک تھے۔وزیر زکوٰة و عشر نے زکوٰة کمیٹی راولپنڈی اور اٹک میں زکوٰة کی تقسیم کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ ان دو اضلاع میں مقامی زکوٰة کمیٹیوں کی کثیر تعداد تشکیل نہ پا سکی جس کی وجہ سے ان علاقوں کے مستحقین زکوٰة فنڈ سے مستفید نہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

شوکت علی لالیکا نے کہا کہ زکوٰة ایک امانت ہے اور اس امانت کو مستحقین تک ایمانداری سے پہنچانا عاملین زکوٰة کی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کی تکمیل میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر زکوٰة و عشر نے ووکیشنل ٹریننگ انسیٹیوٹ راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور زیر تعلیم طلباء سے تربیت کے حوالے سے معلوما ت حاصل کیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے علاوہ گزشتہ تین سال میں جاری کردہ زکوٰة فنڈ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے اور انکی پڑتال کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :