سابق وزیراعظم نواز شریف کی پیرول پر رہائی، مخصوص عملہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہا

سابق وزیراعظم نے قانون کی پاسداری کی اور قواعد و ضوابط کا بھی پاس رکھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 11:19

سابق وزیراعظم نواز شریف کی پیرول پر رہائی، مخصوص عملہ ہمیشہ ان کے ساتھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دی گئی، میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کو پیرول پر دی جانے والی رہائی کے دوران کوئی غیر معمولی بات سامنے نہیں آئی اور نواز شریف نے قانون اور قواعد و ضوابط کی مکمل طور پر پاسداری کی۔ پیرول پر رہائی کے دنوں میں جاتی امرا میں قیام کے دوران نواز شریف ، ان کی صاحبزادی اور داماد مسلسل ساتھ آنے والے حکومتی اہلکاروں کی نگاہوں میں رہے۔

نواز شریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کے لئے جاتی امرا کے مخصوص حصے کو سب جیل کا درجہ حاصل تھا۔ اسی لئے تینوں کی اڈیالہ جیل سے جاتی امرا اور وہاں سے واپس اڈیالہ جیل منتقلی تک مخصوص اسٹاف بھی تعینات رہا۔

(جاری ہے)

اس اسکواڈ کی ذمہ داریوں میں تینوں مجرموں کو اڈیالہ جیل تک حفاظت پہنچانا بھی شامل تھا ۔ نواز شریف ، مریم صفدر، کیپٹن (ر) محمد صفدر پیرول پر رہائی کے وقت طے کئے گئے ضوابط کی پاسداری میں سیاسی گفتگو کرنے کے با اختیار تھے اور نہ ہی وہ جاتی امرا کے مخصوص حصے سے دوسری جگہ جانے کے مجاز تھے ۔

تینوں قیدیوں نے محکمہ داخلہ کے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا۔ کچھ سیاسی مبصرین کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اگرچہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر رنجیدہ تھے لیکن انہوں نے خود کو ٹوٹنے نہیں دیا اور چہرے کے تاثرات اور اپنی باڈی لینگوئج پر بھی کافی عبور رکھا، نواز شریف بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کے لیے بھی خود گاڑی چلا کر گئے جس سے انہوں نے اپنے مخالفین کو یہ پیغام دیا کہ میں ابھی ٹوٹ کر بکھرا نہیں ہوں ، ابھی مجھ میں بہت ہمت اور حوصلہ باقی ہے ، اور اسی لیے اتنے نازک حالات میں بھی میں اپنے اعصاب پر قابو رکھے ہوئے ہوں۔