ایران میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم ،19 افراد ہلاک،

درجنوں زخمی بس میں 47 مسافر سوار تھے، آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی،ایرانی صدرکا اظہارافسوس

بدھ 19 ستمبر 2018 11:30

ایران میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم ،19 افراد ہلاک،
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) ایران کے وسطی شہروں کاشان اور نطنز کیدرمیان ایک آئل ٹینکر اور مسافر بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم سے کم انیس افراد ہلاک ہوگئے۔ایرانی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ جنوبی تہران میں200 کلو میٹردور اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ایرانی پولیس کا کہنا تھا کہ بس میں 47 مسافر سوار تھے۔

(جاری ہے)

آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ایرانی پولیس چیف محمد حسین حمیدی نے بتایا کہ المناک ٹریفک حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں تہران سمیت دوسرے شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ صدر حسن روحانی نے ٹریفک حادثے کو المناک قرار دیتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ ایران کے سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 21 مارچ 2017ء سے 21 مارچ 2018ء تک ٹریفک حادثات میں 16 ہزار 300 افراد لقمہ اجل بنے جب کہ 3 لاکھ 36 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔