ترکی کی شامی صوبہ ادلب میں روسی فوج کے ساتھ مشترکہ گشت کی تجویز

اسد رجیم اور اس کے اتحادی ادلب میں نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کریں گے،روسی وزیردفاع کی تصدیق

بدھ 19 ستمبر 2018 11:30

ماسکو/انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) ترکی کے وزیر خارجہ مولود جاویش اوگلو نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسلحہ سے پاک علاقہ مختص کرنے کیبعد ادلب میں روسی فوج کے ساتھ مشترکہ گشت پر غور کررہا ہے۔ ترکی ادلب میں اپنی فوج میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ادھر روسی وزیر دفاع سیرگی شویگو نے کہاہے کہ اسد رجیم اور اس کے اتحادی ادلب میں نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماسکو کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد ادلب میں مشترکہ گشت کی تجویز قابل عمل ہے اور ترکی اس تجویز کوآگے بڑھائے گا۔روسی وزیر دفاع سیرگی شویگو نے بھی ایک بیان میں کہاکہ اسد رجیم اور اس کے اتحادی ادلب میں نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ ادلب میں موجود عسکری گروپوں اور اعتدال پسند اپوزیشن کو الگ الگ کرنے کے لیے اسلحہ سے پاک زون کے قیام پرترکی اور روس میں اتفاق کیا گیا ہے۔