ائیر ہوسٹس کی گمشدگی ، پی آئی اے کے ایک سرگرم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف

فریحہ کے غائب ہونے میں باقاعدہ ایک گروہ کی منصوبہ بندی ہے۔ نیا انکشاف سامنے آ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 11:28

ائیر ہوسٹس کی گمشدگی ، پی آئی اے کے ایک سرگرم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس فریحہ کے کینیڈا میں لاپتہ ہونے کے معاملے میں پی آئی اے کے ایک منظم اور سرگرم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ فریحہ کے غائب ہونے میں باقاعدہ ایک گروہ کی منصوبہ بندی ہے جو پی آئی اے کے اندر ان افراد پر مشتمل ہے جو بھاری رقم لے کر ایئر ہوسٹس کو ان کی من پسند فلائٹس پر ڈیوٹیاں لگا کر دیتے ہیں۔

یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ پی آئی اے کے اعلیٰ افسران نے بیس انچارج لاہور2 نجمہ کو ہدایت کی تھی کہ فریحہ کی ڈیوٹی کسی بھی صورت کسی بین الاقوامی پرواز پر نہ لگائی جائے ، یہی نہیں بلکہ فریحہ کی کوئی بھی ڈیوٹی لگانے سے پہلے ذمہ داران کو مطلع کرنا ہے کیونکہ جعلی ڈگری کیس میں بھی اس کے خلاف فیصلہ ہونے والا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جو دیگر تحقیقات چل رہی تھیں ان میں بھی اس کے سمیت گروہ کے دیگر افراد پکڑے جا سکتے تھے ۔

فریحہ نے مذکورہ گروہ کو تنبیہہ کی تھی کہ اگر میرے خلاف کوئی فیصلہ آیا تو میں باقی حقائق بھی بیان کر دوں گی۔ مجھے مرضی کا ڈیوٹی روسٹر دیا جائے تاکہ میں غائب ہو جاؤں۔ فریحہ کے ٹورنٹو جا کر غائب ہوجانے کے متعلق لاہور بیس میں موجود ذمہ داران کو پہلے سے ہی علم تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فریحہ ٹورنٹو میں ڈیلٹا چیلسی ہوٹل سے ایک پاکستانی نژاد کے ساتھ چلی گئی جو ٹورنٹو میں کاروبار کرتا ہے اور اس نے فریحہ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس کی امیگریشن کروا دے گا۔

قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فریحہ کینیڈا میں امیگریشن کی کوشش کرے گی اور ناکامی کی صورت میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ بنا کر واپس آئے گی اور بہانہ یہ کرے گی کہ وہ کسی حادثے کا شکار یا بیمار ہو گئی تھی، اس لئے وہ عملے کے ساتھ واپس نہیں آ سکی اور نہ ہی عملے کو کوئی اطلاع کر سکی۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں لاہور اور کراچی سے تعلق رکھنے والے تین افسران کے خلاف ایک خفیہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جبکہ فریحہ کی روسٹر سے ہٹ کر ڈیوٹی لگانے پر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لینے اور کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس فریحہ کا کینیڈا جا کر اچانک غائب ہوجانا ایک معمہ بن گیا تھا جس میں بعد ازاں یہ خبر بھی آئی کہ فریحہ نے کینیڈا میں سیاسی پناہ لے لی ہے۔ تاہم اس حوالے سےپی آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں۔