کپاس کی فصل میں اجزائے کبیرہ وصغیرہ کے بروقت و مناسب استعمال کی ہدایت

بدھ 19 ستمبر 2018 11:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء)ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو فصل میں اجزائے کبیرہ وصغیرہ کے بروقت و مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ وہ کپاس میں بوران کی کمی سے بچنے اور فی ایکڑ زیادہ پیداوارکے حصول کیلئے ماہرین زراعت کے مشوروں پر سنجیدگی سے عمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نائٹروجن‘ فاسفورس‘ پوٹاشیم پرمشتمل اجزائے کبیرہ اور آئرن ‘ زنک ‘ بوران پر مشتمل اجزائے صغیرہ کا بروقت استعمال اشدضروری ہے کیونکہ کپاس کے پودے کو اگائوسے لیکر ٹنڈوں کے بننے تک نائٹروجن کی بھرپور ضرورت ہوتی ہے جبکہ پھول بنتے وقت پودے کو سب سے زیادہ مقدارمیں نائٹروجن درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کی کمی کی علامات سب سے پہلے کپاس کے پودوں میں نچلے پتوں پرظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں جس سے پتوں کا رنگ پیلا پڑناشروع ہوجاتاہے اور بڑھوتری رکنے کیساتھ ساتھ ٹنڈے سوکھ کرگرنا شرع ہوجاتے ہیں۔