سرسید ماڈل سکول و کالج ہری پور کے طلباء نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے فنڈز ریزنگ کا آغاز کر دیا

بدھ 19 ستمبر 2018 11:35

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) سرسید ماڈل سکول و کالج کی سٹوڈنٹس سوسائٹی نے ’’ہم سب ہیں پاکستان‘‘ کے عنوان سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے فنڈز ریزنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے دوران اساتذہ، طلباء اور عام شہریوں میں پاکستان کی محبت کو اجاگر کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی، مہم کے دوران سرسید ماڈل سکول و کالج کے طلباء اپنے اساتذہ اور طلباء سے ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز ریزنگ کریں گے، اگلے مرحلہ میں ہری پور کے تمام سکولز سربراہان کو خط لکھ کر اپنے اپنے سکولوں میں فنڈز ریزنگ کی اپیل کی جائے گی تاکہ طلباء و طالبات میں وطن کی محبت، پانی کے بچائو اور حفاظت کا شعور پیدا ہو۔

طلباء نے بتایا کہ کئی سیاستدان ڈیمز کی تعمیر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا، ’’ہم سب ہیں پاکستان‘‘ کا عنوان اس لئے رکھا گیا کہ پوری قوم میں یہ احساس پیدا ہو کہ ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ، اگر ہر کوئی اپنی ذمہ داری محسوس کرے تو پاکستان جیسا عظیم ملک دنیا میں موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

طلباء نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے اس عزم سے یکجہتی کے اظہار کیلئے محرم کے بعد ایک دستخطی مہم بھی شروع کریں گے تاکہ ان کے اچھے اقدامات کی طلباء و طالبات کی طرف سے بھر پور تائید کی جا سکے۔ طلباء نے مخیر حضرات سمیت ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے اس کارخیر میں حصہ لینے کی اپیل کی۔