ہری پور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سجادیہ سے برآمد ہو کر قدیمی امام بارگاہ کمیٹی چوک پر اختتام پذیر ہو گا

بدھ 19 ستمبر 2018 11:35

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ہری پور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح امام بارگاہ سجادیہ سے برآمد ہو کر قدیمی امام بارگاہ کمیٹی چوک پر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے راستوں سمیت مین بازار مکمل سیل ہو گا، پولیس کی بھاری نفری گذشتہ شام سے تعینات کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا مرکزی جلوس علم و ذوالجناح معروف شیعہ رہنما احسن علی سعدی کے زیراہتمام امام بارگاہ سجادیہ محلہ موتیاں سے برآمد ہو کر قدیمی امام بارگاہ کمیٹی چوک پر اختتام پذیر ہو گا۔

جلوس کی سیکورٹی کیلئے پولیس، ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل سکواڈ کی بھاری نفری گذشتہ شام سے ہی تعینات کر دی گئی ہے جبکہ جلوس کے راستوں سائیں سہیلی روڈ، چوک جامع مسجد، کمیٹی چوک، مین بازار سمیت تمام ملحقہ راستوں کو پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی جلوس میں شمولیت کیلئے آنے والے عزاداروں کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران، صحافیوں، سرکاری محکموں کے اہلکاروں کو خصوصی پاس جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی افسران کے علاوہ محکمہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلوس کے موقع پر موجود ہوں گے جبکہ محکمہ واپڈا، محکمہ صحت اور ٹی ایم اے کے اہلکار خصوصی طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ ایدھی ویلفیئر اور ڈی ایچ کیو کی ایمبولینس کے علاوہ فائر بریگیڈ کا عملہ اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر موجود ہوں گی۔ مرکزی جلوس کے موقع پر ہری پور پولیس کی طرف سے انتہائی سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جلوس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ پولیس اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔