کشمیری ڈھونگ انتخابات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت نواز جماعتوں نے آج تک کشمیریوں کو دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا، سید علی گیلانی

بدھ 19 ستمبر 2018 12:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے مقبوضہ علاقے میں ہونے والے میونسپل اور پنچائتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری کسی قسم کے نام نہاد او رڈھونگ انتخابات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں منعقدہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ حل طلب سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے کشمیری گزشتہ ستر برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 1947ء میں کشمیریوں کی مرضی اور منشا کے خلاف جموںوکشمیر کے ایک بڑے حصے پر ایک منصوبہ بند سازش کے تحت قبضہ جمایا جسکا کوئی سیاسی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز جماعتیں غیر قانونی بھارتی قبضے کو دوام بخشنے کا باعث بنتی رہی ہیں اور ان جماعتوں نے کشمیریوںکو آج تک دھوکہ اور فریب کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے کسی بھی انتخابی عمل میں لینا شہدا کے خون سے بے وفائی ہو گی لہذا کشمیری بھارت نواز رہنمائوں کے کسی فریب میں مزید نہ آئیں اور ڈھونک بلدیاتی انتخابات سے مکمل دور رہیں۔

سید علی گیلانی نے شہدائے کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے عظیم مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے عزم و ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کو غیر انسانی سلوک کا نشانہ بناناانسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

سید علی گیلانی کی صدرات میں ہونے والے کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں غلام نبی سمجھی، شاہد سلیم، سید محمد شفیع، محمد یٰسین عطائی، بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر احمد، گلزار احمد، نثار حسین راتھر، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، امیر حمزہ شاہ، خواجہ فردوس وانی، امتیاز احمد شاہ اور غلام احمد گلزار نے شرکت کی۔