نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرجیل میں ملاقات نہیں کر سکیں گے

9 اور 10 محرم الحرام کی سرکاری تعطیل کی وجہ سے ملاقاتیں نہیں ہو سکیں گی۔ جیل ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 12:33

نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرجیل میں ملاقات نہیں کر سکیں گے
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر سے جیل میں ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مقرر ہے ۔ لیکن اس ہفتے تینوں مجرمان کسی سے ملاقات نہیں کر سکیں گے۔جیل ذرائع کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو سرکاری تعطیل کی وجہ سے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر سے کوئی ملاقات نہیں کر سکے گا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر ملنے والی رہائی کی مدت ختم ہونے کے بعد پیر کی شام اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی درخواستوں پرایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس گل حسن اورنگزیب نے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے کارروائی کے تحریری حکم نامے میں واضح کیا کہ نیب پراسکیوٹرکل تک اپنے دلائل مکمل کرے، اگر دلائل مکمل نہ کیے گئے تو کل فیصلہ سنا دیں گے۔ حکم نامے کے مطابق نیب پراسیکیوٹرنے دلائل مکمل کرنے کے لیے مہلت طلب کی۔

نیب پراسکیوٹر آج اپنے دلائل مکمل کریں گے۔ نیب پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل نہ ہونے کی صورت میں آج تحریری دلائل پرفیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزاروں کے وکیل خواجہ حارث اورامجد پرویز پہلے ہی اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں۔سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر ممکنہ فیصلے کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچ گئی ہے جبکہ کمرہ عدالت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ البتہ فیصلے کے حوالے سے وقت کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔