یوم عاشور ،کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کے ارکان کی سر گرمیوں کی خصوصی مانیٹرنگ کی ہدایت

بدھ 19 ستمبر 2018 13:01

یوم عاشور ،کالعدم قرار دی گئی تنظیموں کے ارکان کی سر گرمیوں کی خصوصی ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) حکومت پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پر فورتھ شیڈول میں شامل افراداور کالعدم قرار دی گئی جہادی ، مذہبی ، دینی تنظیموں کے ارکان کی سر گرمیوں کی خصوصی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے جبکہ اس ضمن میں محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام ڈویژنز اور اضلاع کے پولیس و انتظامی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں ، سپیشل برانچ کے عملہ کے نا م جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیاہے کہ وہ مذکورہ کیٹیگری میں شامل عناصر کی سر گرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک نقل و حمل کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس کو فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادغلام محمود ڈوگر کی جانب سے بھی فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے اضلاع کے پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انڈر آبزرویشن رکھے گئے فورتھ شیڈول میں شامل مشکوک عناصر سے شیورٹی بانڈ بھی حاصل کریں تاکہ ان عناصر کا کسی غیر قانونی سر گرمی میں ملوث ہونے کا خدشہ نہ رہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جرائم کی دنیا کو خیر باد کہنے والوں کو تسلی بخش رپورٹس کی روشنی میں فورتھ شیڈول لسٹ سے خارج کرنے کیلئے بھی متعلقہ حکام کو سفارش کی جا سکتی ہے۔