عشرہ محرم کے باعث شہریوں کی اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری

بدھ 19 ستمبر 2018 13:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) عشرہ محرم کے باعث شہریوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی جبکہ قبروں کی ٹوٹ پھوٹ، مرمت اور پھول نچھاور کرنے کیلئے قبرستانوں کا رخ کر نے کا سلسلہ جاری و ساری ہے جبکہ پھول بیچنے والوں اور گورکنوں کا کاروبار بھی خوب چمک اٹھاہے ۔قبرستانوں میں جہاں عام دنوں میں ویرانیاں چھا ئی رہتی ہیں یوم عاشورکی ۱ٓمد کے باعث بڑی تعداد میں شہری اپنی۱ٓباء و اجداد، والدین ،بیوی بچوں،بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ اپنے پیاروں کی قبروں پرحاضری ، قرآن پاک کی تلاوت ،فاتحہ خوانی،قبروں کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر پھول نچھاور کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

دوسری جانب قبرستانوں کے باہر بیٹھے گورکنوںکا بھی خوب کمائی کا سلسلہ جاری ہے جو ایک قبر پر مٹی ڈالنے اور اس کی لپائی کرنے کیلئے 500سے 800روپے تک وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورکنوں کا کہنا ہے کہ سال میں ایک بار ہی محرم الحرام کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دینے کیلئے آتے ہیں اسلئے ہم عام دنوں کی نسبت کچھ زیادہ پیسے وصول کرلیتے ہیںاسی طرح پھول بیچنے والے بھی اپنی مرضی کے ریٹس سے پھول فروخت کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر بزرگ شہریوں کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم الحرام میں آنے کی روایت بڑی پرانی ہے اور اگر انسان یہاں آتا جاتا رہے تو یہ احساس ہوتا ہے کہ ایک دن ہم نے بھی یہاں آنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قبرستان میں آکر دعاء کرنا اس لیے بھی افضل ہے کہ سانحہ کربلا اور حضرت امام رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظیم قربانی اور ان کے صبرو استقلال کی مثال ہمارے سامنے آجاتی ہے جس سے نیک اعمال کرنے کا جذبہ بیدار اور ظلم کے سامنے کلمہ حق کہنے کی ہمت پیدا ہوجاتی ہے۔