صوبہ قندہار میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے مابین شدیدجھڑپ‘ 16طالبان اور 4 افغان فوجی سمیت 20 افرادجاں بحق ‘ 19 زخمی

بدھ 19 ستمبر 2018 13:35

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) افغان صوبہ قندہار میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے مابین شدیدجھڑپ میں 16طالبان اور 4 افغان فوجی سمیت 20 افرادجاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ اورزگان میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے تین بچوں اور تین خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے سات افغان شہری جاں بحق ہوگئے ۔افغان میڈیا نے مقامی پولیس سربراہ عبدالرازق کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ شب مسلح طالبان نے صوبہ قندہار کے ضلع شورابک میں افغان سیکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار افغان فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس سربراہ کے مطابق افغان فوج نے جوابی کاروئی کی جس کے دوران 16طالبان ہلاک اور14 دیگر زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے جھڑپ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا۔

(جاری ہے)

ادھر سرحدپار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ اورزگان کے صدرمقام ترین کوٹ میں ایک گھر پر مارٹرگولہ گرکر زوردھماکہ سے پھٹ گیا جس کے باعث ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق افراد میں تین خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہری آبادی پر مارٹر گولے گرنے کے دوالگ الگ واقعات میں اب تک پندرہ افغان شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز صوبہ پکتیکا میں بھی ایک گھر پر مارٹرگولہ گرکر زوردھماکہ سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میںچار بچوں اور ایک خاتون سمیت ایک ہی گھرانے کے آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔