ضمنی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی تیاریاں مکمل

قومی اسمبلی کے 11 صوبائی اسمبلی کے 25 حلقوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو شیڈول ہے ،ْرپورٹ

بدھ ستمبر 13:59

ضمنی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی تیاریاں مکمل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں۔قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 25 حلقوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو شیڈول ہے جس کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی یوم عاشور کے بعد شروع ہوگی۔ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز سرکاری پرنٹنگ پریس پر چھاپے جائیں گے جس کی نگرانی رینجرز اور ایف سی کے ذمے ہوگی۔

ذرائع کے مطابق 36 حلقوں کے لئے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے جس میں بلوچستان اور سندھ کے لیے 11 لاکھ، خیبرپختونخوا کے حلقوں کے لئے 17 لاکھ جب کہ پنجاب اور اسلام آباد کے لیے 67 لاکھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوگی۔ذرائع کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیلٹ پیپرز نیشنل سیکورٹی پرننٹنگ پریس میں چھاپے جائیں گے، پنجاب اور اسلام آباد کے بیلٹ پیپرز پوسٹ فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس اور خیبرپختونخوا کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز پرنٹنگ پریس کارپوریشن میں چھاپے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ووٹ ڈال سکیں گی جن کی رجسٹریشن کا عمل الیکشن کمیشن نے 17 ستمبر تک مکمل کرلیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ کردہ وقت تک 74 ممالک میں مقیم 7410 پاکستانیوں نے خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا ،ْسب سے زیادہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر 1993 پاکستانیوں نے خود کو ووٹر رجسٹر کرایا۔