ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا

سوشل میڈیا کی فضول باتیں اچھا بھلا بندہ بیمار کرسکتی ہیں:ٹینس سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 ستمبر 2018 13:35

ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) پاکستان اور بھارت کے میچ سے کچھ گھنٹے قبل ہی شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ایشیاءکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا آج ہونے جارہا ہے اور اس میچ کےلئے سرحد پار کے دونوں شائقین اپنی اپنی ٹیم کے لیے پرجوش ہیں تاہم دوسری جانب پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور پاکستانیوں کی بھابھی ’ثانیہ مرزا ‘نے کرکٹ کے گراﺅنڈ پر ہونے والی اس پاک بھارت جنگ سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے کچھ دنوں کیلئے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنےکا اعلان کر دیاہے۔

ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر اپنے اعلان میں کہا کہ ” میچ میں اب 24 گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ، اور محفوظ رہنے کیلئے بہتر ہے کہ سوشل میڈیا سے کچھ دن کیلئے دوری اختیار کر لی جائے کیونکہ جو فضول باتیں یہاں پر کی جارہی ہیں وہ ایک اچھے بھلے بندے کو بیمار کر سکتی ہیں تو حاملہ خاتون کو تو اکیلا چھوڑ ہی دو۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے کہا کہ یاد رکھو کہ یہ صرف ایک کرکٹ میچ ہی ہے “۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج شام 4 بج کے 30منٹ پر شروع ہو گا۔یاد رہے کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہم میچ بدھ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے اہم میچ کےلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کےلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ 19 ستمبر کو کھیلے جانے والا میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنےوالی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنی آب و تاب سے جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین بدھ کو دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کے میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراﺅنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونےوالے میچ کو دیکھنے کیلئے بیتابی سے انتظار کر رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس میچ سے قبل فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ بدھ کو بھارت کےخلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی منیجر ہیں۔