اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف اور مریم نواز نے اپنا سامان باندھ لیا ہے

کیا کوئی ڈیل ہو گئی ہے؟ سینئیر صحافی نے انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 13:37

اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف اور مریم نواز نے اپنا سامان باندھ لیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔ بعض اطلاعات اور افواہوں کے مطابق تو اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز بالخصوص ان کی صاحبزادی مریم نواز نے جیل میں اپنا سامان اکٹھا کر کے باندھنا شروع کر دیا ہے۔

افواہ ہے کہ مریم نواز نے یہ کہہ کر اپنا سامان باندھا ہے کہ کل میں گھر جا رہی ہوں اور ہم رہا ہو رہے ہیں، توقع کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج صاحبان جو فیصلہ دیں گے اس کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر گھر چلے جائیں گے۔ کچھ دنوں سے یہ افواہ گردش کروائی جا رہی ہے کہ سعودی عرب کسی معاہدے میں ملوث ہے ، اور یہ جو ڈالرز کے لین دین کی بات بھی ہو رہی ہے سب افواہیں اور بے بنیاد باتیں ہیں۔

(جاری ہے)

میرے جو معتبر ذرائع ہیں ان کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔ کوئی نیا این آر او نہیں ہو رہا ، اسلام آباد ہائیکورٹ جو فیصلہ دے گی ہو سکتا ہے کہ اس کے خلاف سپریم کورٹ سے فیصلہ آجائے گا یا لوئر کورٹ کا فیصلہ آجائے گا۔ وہ عمل چلتا رہے گا ۔ انہیں ڈیل تب ملے گی جب یہ نیب کو درخواست دیں گے کہ ہاں ہم نے جرائم کیے ہیں، ہم نے اتنا پیسہ لُوٹا ہے ، اور یہ ہم واپس کرتے ہیں۔

صرف اسی صورت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈیل ملنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی درخواستوں پرایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر ممکنہ فیصلے کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی رہنماؤں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچ گئی ہے جبکہ کمرہ عدالت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ البتہ فیصلے کے حوالے سے وقت کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔