پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کی ہدایت

بدھ 19 ستمبر 2018 14:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ماہرین زراعت نے 30ستمبر تک پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعد ازاں 2مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیاجائے اور اس میں 20کلو گرام یوریا کھاد ڈال کر زمین کو پانی لگادیاجائے جبکہ وتر آنے پر زمین میں ہل چلا کر اسے سہاگہ سے نرم و ہموار کرلیا جائے تاکہ پیاز کی اچھی فصل حاصل ہو سکے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار پیاز کی پنیری کی کھیتوںمیں منتقلی کے وقت ایک سے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ڈال کر 75 سے 80 سینٹی میٹر کے فاصلے پر کھیلیاں بنا لیں اور پودے کھیلیوں کے دونوں اطراف 10سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگانے کے بعد آبپاشی کاسلسلہ شروع کردیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فصل کو سات سے آٹھ دن کے وقفہ سے مسلسل تین مرتبہ پانی لگانا چاہیے تاہم اس کے بعد آبپاشی کاوقفہ بڑھایا جاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ پنیری کی منتقلی کے 20 سی25 روز بعد کھیتوں میں ایک بوری امونیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی کر دینی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ کھیت میں نرسری کی منتقلی سے پہلے اسے پانی کی فراہمی روک دینی چاہیے تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے اور پنیری کھیت میں منتقل کرتے وقت اس کی جڑوں کو ٹوٹنے سے بچایاجاسکے۔انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :