نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؓاور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور پرسوں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے

بدھ 19 ستمبر 2018 14:27

نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؓاور انکے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد ..
لاہور/اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشورکل دسویں محرم الحرام (جمعہ) کے روز مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے جبکہ آج (جمعرات ) کے روز نویں محر م کے جلوس برآمد ہوں گے جس میں عزادار شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کریں گے ۔

مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اوردسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہونگے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کل دس محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں منائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے نو اور دس محرم الحرام کے روز فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

امن و امان کے تناظر میں ملک کے مختلف شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔

لاہور ، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں 9اور دس محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی ۔پنجاب حکومت نے یوم عاشورہ کے موقع پر جلوسوں کی فول پروگ سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے جائیں گے۔

اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان امن عامہ کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ منتخب نمائندے بھی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔

انہو ںنے تاکید کی کہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو کھانے پینے کے اشیاء کی بروقت فراہمی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔کمشنر ز اورآر پی او زاپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی کے انتظامات کا موقع پر جاکر خود جائزہ لیں اوراس ضمن میں رپورٹ پیش کی جائے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے نویں اور دسویں محرم کے موقع پر صوبہ بھر میں دفعہ 144کے تحت ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی ،ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔

جلوس کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے ۔عاشورہ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر سرچ آپریشن جاری ہیں ۔ رات کے وقت عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کیلئے روشنی کے متبادل انتظامات کے طو رپر جنریٹرز کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔

نو اور دس محرم الحرام کو مرکزی جلوسوں میں شامل ہونے والے مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد شامل ہو سکیں گے اس کے لئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے جائیں گے جبکہ جلوسوں کے منتظمین اور رضا کار بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور اس سلسلہ میں منتظمین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس پر پابندی کے ذمہ داری ہوں گے کہ کوئی بھی اجنبی شخص اپنے طور پر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم نہ کرے ۔

علاوہ ازیں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہو گی اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔علاوہ ازیں آج (جمعرات ) کے روز نویں محر م کے جلوس برآمد ہوں گے جس میں عزادار شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کریں گے ۔

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس منعقد کی جائیں گی جن میں ذاکرین اورعلمائے دین میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات خاص طور پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے قافلے میں شامل ننھے علی اصغر سمیت دیگر بچوں کی پیاس اور ان کی استقامت کو بیان کریں گے ۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا ۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے اور راستے میں آنے والے تمام بازار اور مارکیٹیں بند رہیں گے ۔