تورغر میں اکازئی لشکر نے زمین تنازعہ پر گوجر برادری کے دو مکانات کو نذر آتش کر دیا، علاقہ میں کشیدگی بڑھ گئی

بدھ 19 ستمبر 2018 14:30

تورغر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) تورغر میں اکازئی لشکر نے بیرن گائوں میں زمین کے ملکیتی تنازعہ پر گوجر برادری کے دو مکانات کو نذر آتش کر دیا، شدید کشیدگی کے سبب پولیس علاقہ میں پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق تورغر کے علاقہ اکازئی میں قوم اکازئی اور گوجر برادری میں ہزاروں کنال اراضی کے ملکیتی تنازعہ نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی اور مبینہ طور پر اکازئی لشکر نے گائوں بیرن میں گوجر برادری کے دو مکانات کو آگ لگا دی جس سے گھر میں موجود سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

گوجر برادری کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں، صدیوں سے تورغر میں آباد اور ہمارے آبائو اجداد کے یہاں مقبرے ہیں، ہم باہر سے نہیں آئے لیکن اراضی کے مسئلہ پر خوا مخواہ ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے، ہمیں مالک سے مزارعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے محاذ آرائی کی بجائے حق کیلئے عدالت سے رجوع کیا، عدالت سے ہمارے حق میں فیصلہ بھی آ چکا ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں مخالف فریق ہراساں کر رہا ہے اور زبردستی ہماری زمینوں پر قبضہ کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

گوجر برادری نے مزید کہا کہ پہلے بھی ہمارے اوپر کئی بار حملے ہو چکے ہیں لیکن ہماری کوئی فریاد سننے والا ہی نہیں ہے، ہمیں اپنے گھروں میں بھی تحفظ حاصل نہیں ہے لیکن تورغر میں قانون کی دھجیاں بکھیرنے والوں سے کوئی پوچھتا بھی نہیں ہے کیونکہ وہ طاقتور ہیں جبکہ ہم الله کے عاجز ہیں جن کی کوئی سفارش کرنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بھی اکازئی لشکر نے ہمارے مکانات کو جلایا ہے، ہمارے نقصان کی ذمہ دار تورغر کی انتظامیہ اور پولیس ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیر پختونخوا محمود خان اور آئی جی سے انصاف اور تحفظ کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :