انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 ستمبر 2018 14:37

انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کامیاب ہو لیکن دورے سے قبل دورے کی تفصیلات پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے نہیں رکھی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزارت خارجہ کا بیان کچھ اور جبکہ امریکی وزارت خارجہ کا بیان مختلف تھا جس سے شکوک و شبہات بڑھے اور عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ مضحکہ خیز ہے، اس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چندے سے ڈیم نہیں بنتے، اس کیلئے حکومت کو بجٹ میں فنڈ مختص کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، اگر صحیح نیت سے کام کیا گیا تو دھاندلی بے نقاب ہوگی۔ آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی، فارم45کی گمشدگی کی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر گزشتہ 5 سال سے دعوے کرتے رہے کہ وہ مہنگائی کم کریں گے اور ان کے پاس واضح پلان موجود ہے لیکن ایک ماہ گزر جانے کے باوجود نئے ٹیکس لگانے کے علاوہ معاشی ترقی کا کوئی ا یجنڈا سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں قومی کرکٹ ٹیم پر ہیں، بھارت کے ساتھ مقابلے میں فتح کے لئے پوری قوم دعاگو ہے۔