غزہ میں پناہ گزینوں کی زندگی بچانے کیلئی20 لاکھ ڈالر کی رقم صرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ

بدھ 19 ستمبر 2018 14:37

غزہ سٹی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی امورجیمی میک گولڈریک نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں کی زندگی بچانے کیلئے 20 لاکھ ڈالر کی رقم صرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جیمی میک گولڈریک نے ایک پریس بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں ہنگامی بنیادوں پر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں 250 اہم منصوبوں جن میں بجلی، گیس، صحت، تعلیم، پانی، سیوریج اور دیگر منصوبوں کیلئے 20 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے، ایک ماہ کیلئے غزہ کے عوام کو 9 لاکھ 50 ہزار لٹر ایندھن فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ہنگامی بنیادوں پر فوری امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امداد دینے والے ملکوں پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں بالخصوص پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔