ملکہ ترنم نورجہاں کا 92 واں یوم پیدائش پرسوں 21 ستمبر کو منایا جائے گا

بدھ 19 ستمبر 2018 15:34

ملکہ ترنم نورجہاں کا 92 واں یوم پیدائش پرسوں 21 ستمبر کو منایا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ملکہ ترنم نورجہاں کا92 واں یوم پیدائش پرسوں 21 ستمبر کو منایا جائے گا۔نور جہاں21 ستمبر 1926ء کو قصورمیں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اللہ وسائی تھا۔ان کا گھرانہ موسیقی اور گانے بجانے سے وابستہ تھا اسی لئے ان کے گھروالوں نے انہیں بھی موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے استاد کے پاس بٹھادیا جبکہ نورجہاں ذاتی طور پر اداکاری کرنے کو بھی پسند کرتی تھیں۔

استاد بابا غلام محمد سے موسیقی کی تربیت حاصل کی۔نور جہاں برصغیر کی مشہور گلوکارہ اور اداکارہ تھیں۔ انہوں نے 10000 کے قریب گیت ہندوستان و پاکستان میں اردو، سندھی، بنگالی، پشتو، عربی اور پنجابی زبانوں میں گائے۔ انہیں ہفت زبان گلوکارہ بھی کہاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

29 مارچ 1951ء کو پنجابی فلم چن وے ریلیز ہوئی جو نورجہاں کی پاکستان میں بطور ہیروئن پہلی فلم تھی اور اِس کی ڈائریکٹر بھی وہ خود ہی تھیں اور موسیقی فیروز نظامی کی اوراس میں اداکاری کے جوہر ان ادارکاروں نے دِکھائے۔

نورجہاں، سنتوش، جہانگیر خان، یاسمین، غلام محمد لاہور میں یہ فلم ریجنٹ سینما پر 18 ہفتے تک سپر ہٹ بزنس کرتی رہی۔ کراچی میں یہ فلم 13 اپریل 1951ء کو ریلیز ہوئی اور 9 ہفتے تک جوبلی سینما پر بزنس کرتی رہی۔29مارچ 1952ء کو دوپٹہ ریلیز ہوئی جس کے ڈائریکٹر سبطین فاضلی تھے اور موسیقی فیروز نظامی کی تھی۔اس فلم کا معاوضہ میڈم نے اس وقت 6000 روپے لیا تھا۔نورجہاں 23 دسمبر 2000ء کو 73 سال 2 ماہ کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔