Live Updates

وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز سے پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

بدھ 19 ستمبر 2018 16:22

وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز سے پنجاب پروفیسرز اینڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز سے پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفدکی قیادت پپلا کے صدر حافظ عبدالاخلاق نے کی ۔ پپلا وفد نے اپنے مطالبات صوبائی وزیر کے سامنے رکھے۔ صدر پپلا عبدلاخلاق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں بہترین تعلیمی پالیسی مرتب کی۔

پنجاب میں بھی خیبر پختونخوا کی طرز پر تعلیمی پالیسی تشکیل دی جائے۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے اساتذہ کو حکومت کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کروائی۔صوبائی وزیر نے پروفیسرز اور لیکچرارز کی پروموشن پالیسی خیبر پختونخوا کی طرز پر مرتب کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی وزیر سے خیبر پختونخوا کی طرز پر پروموشن پالیسی مرتب کرنے کی درخواست کی تھی۔

صوبائی وزیر نے 2002 سے 2012 کے دوران بھرتی ہونے والے لیکچرارز کی تنخواہوں سے کٹوتی نہ کرنے کا مطالبہ منظور کر لیا۔راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ملازمت کا دورانیہ بھی اساتذہ کی سروس میں شامل کیا جائے گا۔ کالج اور اساتذہ سے متعلق انتظامی معاملا ت ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چار سالہ بی ایس کلاسز پڑھانے والے اساتذہ کو مالی فائدہ دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی ممبر شپ بحال کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔راجہ یاسر کا کہنا تھا کہ ہمیں گھر سے اساتذہ کی عزت سکھائی گئی ہے جبکہ اساتذہ کی تکریم ہمارے کلچر کا حصہ ہے۔صوبہ میں تعلیم کا معیار بہتر کرنے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت اساتذہ کو ہر سہولت فراہم کرے گی۔ خیبر پختونخوا میں عوام دوست اقدامات کے باعث تحریک انصاف پنجاب میں برسر اقتدار آئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات