عاشورہ پر ریلوے کی حدود میں واقع امام بارگاہوں، مساجد اور جلوسوں کی سکیورٹی کو سخت کرنے ہدایت

بدھ 19 ستمبر 2018 16:22

عاشورہ پر ریلوے کی حدود میں واقع امام بارگاہوں، مساجد اور جلوسوں کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے عاشورہ کے موقع پر ریلوے کی حدود میں واقع امام بارگاہوں، مساجد اور جلوسوں کی سکیورٹی کو سخت کرنے کے حوالے سے تاکید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کوپہلے ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی اپنی ڈویژنوں میں سکیورٹی کو فول پروف بنائیںاور ریلوے پولیس کی حدود و اختیاری میں آنے والی امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ڈی آئی جی آپریشنز پاکستان ریلوے پولیس شارق جمال خان نے تمام ایس پیز کوباقاعدہ تحریری احکامات بھی جاری کئے تھے کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کے اوقات ِکار میں زیادہ سے زیادہ نفری لگائی جائے،بم ڈسپوزل کے عملہ سے علاقہ کی مکمل سویپنگ کروائی جائے، مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھی جائے او ر ضلع پولیس کے افسران کے ساتھ رابطہ رکھا جائے۔یوم ِعاشورہ کے موقع پر ریلوے اسٹیشنوں اور اہم تنصیبات پر بھی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع فوری طور پر سنٹرل پولیس آفس لاہور کنٹرول روم کو دینے کے حوالے سے ایک بار پھر تاکید کی گئی ہے۔