مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس کا محرم کے جلوس پر دھاوا،تحریک وحدت کے رہنمائوں،کارکنوں سمیت عزا دار گرفتار

بدھ 19 ستمبر 2018 16:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سرینگر میں محرم کے جلوس پر دھاوابول کر درجنوں عزا دار گرفتار کر لیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر تحریک وحدت کے رہنمائوں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں عزا داروں نے بٹہ مالو میں محکمہ فائر سروس کی عمارت کے نزد یک جمع ہو کر شہید گنج کی طرف مارچ شروع کر دیا۔

عزا دار ’’یا حسینؑ یا حسینؑ کے نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے کہ علاقے میں تعینات بھارتی پولیس نے ان پر دھاوا بول دیا اور تحریت وحدت کے رہنمائوں اور کارکنوں سمیت درجنوں افراد گرفتار کر لیے۔گرفتار کیے جانے والوں میں تحریک وحدت کے چیئرمین نثار حسین راتھر، سید امتیاز حیدر، علی محمد راتھر، فیاض احمد بٹ، شبیر حسین ڈار، محمد افضل بہار، محمد ابراہم، قمر زماں امتیاز حسین، محمد قاسم بٹ، محمد باقر زوار، علی محمد اقبال، علی محمد آرمو، امجد حسین، شاہین عباس، غلام محی الدین، شیخ مشتاق حسین آخون، منظور حسین آخون، عباس حسین ڈار،سہیل حسین صوفی، عادل حسین گنائی، سید مدثر شاہ اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا تحریک وحدت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محرم کے جلوس پر بھارتی پولیس کے دھاوے اور بڑی تعداد میں رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔