قابض انتظامیہ کی طرف سے انتخابی ڈھونگ کی مہم شروع کرنے پر کڑی تنقید

ڈھونگ انتخابات کا مقصد عالمی برداری کو گمراہ کرنا ہے،بیرسٹر ترمبو بیرسٹڑ ترمبو اورپارٹی رہنماء ایڈووکیٹ ایوب راٹھور کی وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر قدغن کی بھی شدید مذمت

بدھ 19 ستمبر 2018 16:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ ( آر )کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے نام نہاد انتخابی ڈھونگ کی مہم ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کے قابض انتظامیہ کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس بے سود مشق کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال اور کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کا مقصد بین الاقوامی برادری کی آنکھوں دھول جھونکنا اورنہتے کشمیریوں کے قتل عام کو تیز کرنا ہے ۔

انھوں نے کہاکہ بھارت نواز جماعتیں بھی کشمیری عوام کی انتخابات میں عدم دلچسپی اور جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظران انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ترمبونے کہا کہ بھارت نواز جماعتوںکی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے سے انکار کے باوجود قابض انتظامیہ کی طرف سے انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخوں کے اعلان سے ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت جموںوکشمیر کو اپنی ایک مقبوضہ کالونی تصوررکرتا ہے ۔

بیرسٹڑ ترمبو اورپارٹی رہنماء ایڈووکیٹ ایوب راٹھور نے وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر قدغن کی بھی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ عاشورہ محرام ہمیںحق و باطل کے درمیان تمیز کرنا سکھاتا ہے ۔انہوںنے اس عہد کو دہرایا کہ جموں کشمیر کے لوگ امام حسین ؓ کی تقلید کرتے ہوئے حق خود ارادیت کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔