نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل، مریم اورنگزیب خوشی سے رو پڑیں

مریم اورنگزیب کی خوشی کی انتہا نہ رہی ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ ستمبر 16:59

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل، مریم اورنگزیب خوشی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا اور قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلے کے وقت پارٹی صدر شہباز شریف ، پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سنتے ہی خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مبارکبادوں اور مٹھائیوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کا فیصلہ سنتے ہی مسلم لیگ ن کے رہنما مریم اورنگزیب کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر مریم اورنگزیب کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں وہ خوشی سے روتی ہوئی نظر آئیں اور صرف اتنا ہی کہہ سکیں کہ اللہ کا بڑا کرم ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔ تینوں مجرموں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کیں، جن کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج تینوں مجرموں کی سزا معطل کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔